ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ممبئی کے بعد گجرات میں پایا گیا کورونا کے ’ایکس ای‘ ویرینٹ سے متاثر مریض، الرٹ جاری

ممبئی کے بعد گجرات میں پایا گیا کورونا کے ’ایکس ای‘ ویرینٹ سے متاثر مریض، الرٹ جاری

Sun, 10 Apr 2022 11:27:02    S.O. News Service

نئی دہلی،10؍اپریل(ایس او نیوز؍ایجنسی) ملک بھر میں کورونا کی تباہ کاریوں کے بعد تمام پابندیاں ہٹا لی گئی ہیں اور تمام ریاستوں میں معمولات زندگی بحال ہو رہے ہیں۔ تاہم، چین میں کورونا کے نئے ویری ینٹ ایکس ای کے عروج کے سبب ایک مرتبہ پھر لوگوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ ایکس ای ویری ینٹ ہندوستان میں بھی پہنچ گیا ہے، اس کا پہلا مریض ممبئی میں پایا گیا تھا اور گجرات میں دوسرے معاملہ کی تصدیق کی گئی ہے۔

گجرات میں کورونا کے ایکس ای ویری ینٹ کے معاملہ کی تصدیق کے بعد ملک کی تمام ریاستوں کیلئے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ایکس ای ویری ینٹ اومیکرون ویری ینٹ کی ہی ذیلی قسم ہے اور ملک کے مختلف حصوں میں اومیکروں کی ذیلی اقسام پائی جا رہی ہیں۔ اس ویری ینٹ کی تصدیق کے بعد سے اب تک کورونا کے معاملوں میں بڑے پیمانے پر اضافہ نہیں ہوا ہے اور یہ کتنا خطرناک ہے اس کے بارے میں بھی تحقیق کی جا رہی ہے۔ تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ یہ ویری ینٹ کورونا کے اب تک کے پائے گئے تمام ویری ینٹ میں سب سے زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق کورونا کا ایکس ای ویری ینٹ مختلف ویرینٹوں سے مل کر بنا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ کورونا وائرس کے اومیکرون ویری ینٹ کی دو قسم ہیں۔ پہلی بی اے-1 جبکہ دوسری بی اے-2۔ انہیں دونوں اقسام کے میل سے کورونا کے ایکس ای ویری ینٹ نے جنم لیا ہے۔ ابتدائی طور پر کہا جا رہا ہے کہ یہ ویری ینٹ عام کورونا وائرس سے 10 گنا زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے۔ایکس ای ویری ینٹ ابھی نیا ہے، لہٰذا یہ کتنا متعدی ہے اور خطرناک ہے اس کے حوالہ سے تصویر صاف نہیں ہے۔


Share: